از مفتی انتظام اللہ شہابی اورمفتی زین العابدین میرٹھی[1]
ترجمہ: مفتی عبداللہ مُلّا
اسلام میں خلافت سے مراد وہ الٰہی حکومت ہے جو دنیا اور آخرت میں مخلوق کو کامیابی عطا کرنے کی ذمہ داری لیتی ہے۔ یہ اللہ تعالیٰ کے قانون کے مطابق قائم کی جاتی ہے۔ یہ ظلم و ناانصافی کی غلاظت کو جھاڑ کر زمین کے ہر کونے کو صاف کرتی ہے اور عدل و انصاف کے چمکتے اور مہکتے پھولوں سے اسے جنت کا رشک بناتی ہے۔
اس الٰہی حکومت کے سربراہ کو خلیفہ کہا جاتا ہے، اس لیے کہ وہ زمین پر اللہ تعالیٰ کا نائب ہوتا ہے اور یہی لفظ ‘خلیفہ’ کا مفہوم ہے۔ قرآن مجید میں زمین پر خلافت کو ایک عظیم نعمت قرار دیا گیا ہے۔ یہ اللہ تعالیٰ کے اُن متقی اور فرمانبردار بندوں کو دی جاتی ہے جو اس کی ذمہ داریوں کو نبھانے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔
هُوَ الَّذِي جَعَلَكُمْ خَلَائِفَ فِي الْأَرْضِ
وہی تو ہے جس نے تم کو زمین میں جانشین بنایا [2]
وَاذكُرُواْ إِذْ جَعَلَكُمْ خُلَفَاء مِن بَعْدِ قَوْمِ نُوحٍ
اور یاد کرو جب اس نے تم کو قوم نوح کے بعد جانشین بنایا [3]
يَا دَاوُودُ إِنَّا جَعَلْنَاكَ خَلِيفَةً فِي الْأَرْضِ
اے داؤد، ہم نے تم کو زمین میں خلیفہ بنایا ہے [4]
وَلَقَدْ كَتَبْنَا فِي الزَّبُورِ مِن بَعْدِ الذِّكْرِ أَنَّ الْأَرْضَ يَرِثُهَا عِبَادِيَ الصَّالِحُونَ
اور ہم نے زبور میں نصیحت کے بعد یہ لکھ دیا تھا کہ زمین کے وارث میرے نیک بندے ہوں گے۔ [5]
مدینہ منورہ کی طرف ہجرت کے بعد مسلمان دشمنوں میں گھرے ہوئے تھے۔ ایک طرف اہل مکہ اپنے ہتھیار تیز کر رہے تھے تاکہ مدینہ منورہ جا کر مسلمانوں پر حملہ کر سکیں۔ دوسری طرف مدینہ منورہ کے یہودی اور منافقین مسلمانوں کو پکڑنے کے لیے نئے نئے جال بچھا رہے تھے۔ انتہائی پریشانی کی اس حالت میں اللہ تعالیٰ نے انہیں تسلی دی:
وَعَدَ اللَّهُ الَّذِينَ آمَنُوا مِنكُمْ وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ لَيَسْتَخْلِفَنَّهُم فِي الْأَرْضِ كَمَا اسْتَخْلَفَ الَّذِينَ مِن قَبْلِهِمْ وَلَيُمَكِّنَنَّ لَهُمْ دِينَهُمُ الَّذِي ارْتَضَى لَهُمْ وَلَيُبَدِّلَنَّهُم مِّن بَعْدِ خَوْفِهِمْ أَمْنًا
جو لوگ تم میں سے ایمان لائے اور نیک کام کرتے رہے ان سے خدا کا وعدہ ہے کہ ان کو ملک کا خلیفہ بنادے گا جیسا ان سے پہلے لوگوں کو خلیفہ بنایا تھا اور ان کے دین کو جسے اس نے ان کے لئے پسند کیا ہے مستحکم وپائیدار کرے گا اور خوف کے بعد ان کو امن بخشے گا۔[6]
اللہ تعالیٰ کا یہ وعدہ آگے چل کر بہت جلد پورا ہوا۔ ہجرت کے دس سال بعد اُنہی مظلوم، پسماندہ اور بے سازوسامان مسلمانوں نے پورے جزیرہ نما عرب پر اللہ کی حکومت کا پرچم لہرا دیا۔ ایک طرف وہ کسریٰ کی طاقت کے لیے خطرہ تھے اور دوسری طرف قیصر کی طاقت پر حملہ آور تھے۔
اسلامی خلافت کے اس نئے دور کے پہلے خلیفہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تھے۔ دوسرے خلیفہ، جنہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پہلے خلیفہ ہونے کا شرف حاصل کیا وہ سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ ہیں۔ چونکہ اسلامی تاریخ میں خلیفہ کا لفظ عام طور پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے خلیفہ (جانشین) کے معنی میں استعمال ہوتا ہے، اس لیے سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کو خلیفہ اول کے طور پر جانا جاتا ہے۔
منصبِ خلافت
مسلمانوں کی اکثریت اس بات پر متفق ہے کہ خلیفہ مقرر کرنا امت پر واجب ہے۔ البتہ وجوب کی صورت میں اختلاف ہے۔ ایک گروہ کہتا ہے کہ یہ شریعت کے نقطہ نظر سے واجب ہے۔ اُن کے دلائل یہ ہیں:
- رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
من مات وليس في عنقه بيعة مات ميتة جاهلية
جو شخص مرجائے اس حالت میں کہ اس نے کسی سے بیعت نہ کی ہو تو اس کی موت جاہلیت کی سی ہوگی۔[7]
2. رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی رحلت کے بعد تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے متفقہ طور پر خلیفہ مقرر کرنا ضروری سمجھا۔ بلکہ وہ اسے اتنا اہم سمجھتے تھے کہ انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تدفین سے پہلے ہی یہ فرض ادا کر دیا۔
3. شریعت نے مسلمانوں پر جو کچھ بھی لازم کیا ہے، جیسے حدود اور شریعت کی متعین سزاؤں کا نفاذ وغیرہ، وہ خلیفہ کے بغیر نہیں ہو سکتا۔ یہ ایک تسلیم شدہ قاعدہ ہے کہ ہر وہ چیز واجب ہو جاتی ہے، جو کسی واجب عمل کی آدایئگی کو لیے لازم ہو۔
دوسرا گروہ کہتا ہے کہ یہ منطقی استدلال کی بنیاد پر واجب ہے، شریعت کے لحاظ سے نہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہر جماعت کو ایک ایسی طاقت کی ضرورت ہوتی ہے جو اسکے قوانین کو نافذ کر سکے اور کرے۔ وہ امت کے افراد کے درمیان تنازعات کو حل کرے اور امن و سلامتی کے قیام کی ذمہ داری قبول کرے۔ یہی وجہ ہے کہ معاشرے کی ضروریات کی خاطر حکمران کی ضرورت ہوتی ہے۔
یہ دونوں خیال اپنی جگہ درست ہیں اور ان میں موافقت بھی ممکن ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ خلیفہ کے تقرر کی ضرورت پر عقل اور شریعت دونوں متفق ہیں۔ عقل تقاضا کرتی ہے کہ ایک خود مختار حکمران ہو جو قوم کے نظام کی نگرانی کرے اور ان کو حکم دے۔ شریعت کو مذہبی امور میں رہنمائی کے لیے ایک اعلیٰ صلاحیت کی عمدہ مثال کی ضرورت ہے، جس کی طاقت کا سرچشمہ اس کی ذاتی حیثیت اورعظمت نہیں بلکہ امت کی طاقت ہو۔
ابن خلدون رحمہ اللہ نے اپنے مقدّمہ میں ایک تیسرے گروہ کا ذکر بھی کیا ہے۔ یہ گروہ کہتا ہے کہ خلیفہ کا تقرر شریعت کے لحاظ سے یا منطقی استدلال کے لحاظ سے ضروری نہیں ہے۔ معتزلہ میں سے اصام اور کچھ خوارج بھی اس گروہ میں شامل ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ امت کے اندر اللہ تعالیٰ کے قوانین کا نفاذ ضروری ہے،لیکن جب ان قوانین کو رواج کے طور پر اپنا لیا جائے اور ملک یا سرزمین میں امن و امان ہوجائے تو حاکم یا خلیفہ کی ضرورت باقی نہیں رہتی۔ امت کا اجماع اس تیسرے گروہ کے موقف سے متصادم ہے۔ خلفائے راشدین کے بعد حکومت اور حکمرانوں سے متاثر ہونے کے نتیجے میں اخلاق و کردار میں کمزوریاں پیدا ہوئیں۔ ان لوگوں نے اس (کمزوری) سے متاثر ہونے کے نتیجے میں اپنا موقف اپنایا۔ [weakness]
اس بحث کا کلیدی نکتہ یہ ہے کہ علمائے کرام کا اس بات پر اتفاق ہے کہ مسلمانوں کے لیے ایک خلیفہ یا حاکم (جسے امام بھی کہا جاتا ہے) کا تقرر ضروری ہے، تاکہ امت کی تنظیم اجتماعی ہو سکے اور اس کی حیثیت بطورِ گروہ یا قوم قائم رہ سکے۔ [in their agreement] اسی طرح انہیں مختلف نظریات اور برے کاموں کا شکار ہوکر مکمل تباہی کا سامنا نہیں کرنا چاہیے۔[8]
متعلقہ مضامین: خلافت کے خلاف مبینہ "اسلامی” اعتراضات کا جواب
خلافت کی شرائط
دنیا کے ہر ملک اور قوم کے دانشور اس اصول کو تسلیم کرتے ہیں کہ ملک کا بادشاہ اور قوم کا رہنما وہ شخص ہونا چاہیے جو سمجھدار، بالغ، آزاد، مردانہ، بہادر، ذہین، بااثر اور با اختیار ہو۔ اسلام نے ان منطقی نقطہ نظر سے ضروری شرائط میں درج ذیل شرائط کا اضافہ کیا ہے:
مسلمانوں کا خلیفہ ہونا ضروری ہے:
- ایک مسلمان۔
- علم والا— تاکہ وہ قرآن کریم کے مفہوم کو سمجھ سکے (جو کہ اسلامی حکومت کا آئین ہے) اور وہ اس کی تفصیلات کو سنتِ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی روشنی میں حل کر سکے۔
- منصفانہ—تاکہ وہ ان لوگوں کے لیے بہترین نمونہ بن سکے جن کیلئے اس خوبی کا حامل ہونا ضروری ہے۔
- قریشی یعنی وہ قبیلہ قریش سے ہو۔
پہلی تین شرطوں پر تمام علماء کا اجماع ہے لیکن چوتھی شرط کے بارے میں اختلاف رائے ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
الائمة من قريش
امام قریش میں سے ہیں۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ بھی فرمایا:
قدموا قريشا ولا تقدموها . بيهقى وطبرانى
قریش کو پہلے رکھو اور ان کے آگے مت بڑھو
ان احادیث اور ان جیسی دیگر احادیث کی روشنی میں قریش میں سے (خلیفہ) ہونے کی شرط پر بحث ہوتی ہے۔ اس شرط کو رد کرنے والے کہتے ہیں:
1. اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول کو انسان کی برابری کے لیے ایک معیاری علمبردار بنا کر بھیجا، اور اس نے طبقات اور خاندان جیسے، تمام انسانوں کے بنائے ہوئے درجات کو مٹا دیا۔ پھر یہ کیسے ممکن ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے خلافت کو قریش تک محدود رکھا اور ان غیر اسلامی خصوصیات اور علامات کو برقرار رکھا؟
2. رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
اسمعوا واطيعوا وإن ولى عليكم عبد حبشى ذو زبيبة
’’سُنو اور اطاعت کرو، خواہ کسی حبشی کو تمھارا امیر بنایا جائے‘‘۔
سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا:
لو كان سالم مولى حذيفة حيا لوليته
اگر حذیفہ کے آزاد کردہ غلام سالم زندہ ہوتے تو میں انہیں اس وقت کا گورنر بنا دیتا۔
ان اقوال سے ہمیں معلوم ہوا کہ نہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور نہ ہی سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے قریش میں سے ہونے کی شرط کو ضروری سمجھا۔
یہ کائنات کا ایک مستحکم قانون ہے کہ دنیا ہمیشہ تبدیلی کے گہوارہ میں ہے۔
وَتِلْكَ الأيَّامُ نُدَاوِلُهَا بَيْنَ النَّاسِ
اور یہ دن ہیں کہ ہم ان لوگوں میں بدلتے رہتے ہیں [9]
قریش اس قانون سے خارج نہیں ہیں۔ تو یہ کیسے ممکن ہے کہ شریعت نے ہر دور میں خلافت کو قریش تک محدود رکھا ہو خواہ وہ اس کی ذمہ داری کو نبھانے کی صلاحیت رکھتے ہوں یا نہ ہوں؟ یہ بھاری ذمہ داری ان کی گردنوں پر کیوں ڈالی جائے؟
3. پہلی حدیث شریعت کا کوی حکم یا تجویز نہیں ہے۔ یہ خلافت کے بارے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی پیشین گوئی ہے۔ دوسری حدیث میں خلافت کے حکم کے سلسلے کو واضح کیا گیا ہے۔
قاضی ابوبکر باقلانی رحمۃ اللہ علیہ – اشعریہ کے امام – اور علامہ ابن خلدون رحمۃ اللہ علیہ اس کے قائل ہیں۔
جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ قریش میں سے ہونا شرط ہے (خلافت کے لیے) وہ درج ذیل دلیلیں دیتے ہیں:
- بلاشبہ اسلام انسانوں کے درمیان مساوات کا علمبردار ہے۔ تاہم اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہر شخص ہر لحاظ سے دوسرے کے برابر ہے اور درجے اور رتبے میں کسی قسم کا فرق نہیں۔ حقوق انسانی کے لحاظ سے ان میں برابری ہے۔ مثلاً احکام، ممانعت اور شریعت کی متعین حدود وغیرہ میں اور صفات کے فرق کے لحاظ سے اسلام درجے کے فرق کو قبول کرتا ہے۔ مثال کے طور پر علمائے کرام کا عوام پر اور مردوں کا عورتوں پر اعلیٰ مقام قرآن مجید کی واضح عبارت سے ثابت ہے۔
- قریش کا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے خاندانی تعلق ان کے لیے باعث فخر ہے۔ دین کی تعظیم کے ساتھ حسب و نسب کے لحاظ سے بھی ان کی عزت ہوتی ہے۔ بلاشبہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے دین کی ترقی اُن کی ترقی ہے۔ لہٰذا اگر خلافت انہیں دے دی جائے تو وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے خلیفہ ہونے کے فرائض بہترین طریقے سے ادا کر سکیں گے۔
- قرآن مجید قریش کے لہجے میں نازل ہوا۔ اسلام کے اکثر قوانین قریش کی عادات کے مطابق ہیں۔ لہٰذا، وہ بہترین لوگ ہیں جو محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شریعت کو سمجھنے کے قابل ہوں گے۔ اس پر عمل کرنے سے وہ دوسروں کے لیے بہترین نمونہ ہوں گے۔
- جب سقیفہ بنی ساعدہ میں خلافت کے بارے میں اختلاف ہوا اور انصار نے بیان کیا کہ ان کا سب سے زیادہ حق ہے تو سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ نے اس حدیث کو روایت کیا ("امام قریش میں سے ہیں") اور اِسی کے مطابق حکم نکالا۔ سب نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث کے آگے سر تسلیم خم کیا۔ اس سے ہمیں معلوم ہوا کہ صحابہ رضی اللہ عنہم نے اس حدیث کو بطور حکم قبول کیا اور پیشین گوئی کے طور پر نہیں سمجھا۔
- قریش میں سے ہونے کی شرط دوسری شرائط کے ساتھ قبول کی جاتی ہے۔ یہ اپنے طور پر کافی نہیں ہے۔ لہذا، "ایسے دن ہم لوگوں کے درمیان بدلتے ہیں” کے الٰہی قانون کے تحت اس معاملے میں کوئی حد سے زیادہ توسیع نہیں ہے۔
- حبشی غلام کی اطاعت سے متعلق حدیث کا تعلق خلیفہ کے انتخاب سے نہیں۔ اس سے پتا چلتا ہے کہ اگر کوئی نااہل خلافت پر قبضہ کر لے تو اس کا طریقہ کار کیا ہونا چاہیے۔ حذیفہ کے آزاد کردہ غلام سالم کے بارے میں قول، ایک صحابی یعنی سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کا ہے۔ لہذا، یہ ثبوت کے طور پر کھڑا نہیں ہوسکتا. قاضی عیاض رحمۃ اللہ علیہ، علامہ نووی رحمۃ اللہ علیہ، حافظ ابن حجر رحمہ اللہ اور حافظ جلال الدین سیوطی رحمۃ اللہ علیہ جیسے اکابر علماء نے خلیفہ قریش میں سے ہونے کی شرط کی تائید کی ہے۔ شاہ ولی اللہ رحمہ اللہ کی بھی یہی رائے ہے۔[10]
حقیقت یہ ہے کہ قریش میں سے ہونے کی شرط عزم یا توثیق کی شرط نہیں ہے۔ یہ ایک ایسی شرط ہے جو سب سے زیادہ موزُوں کو قائم کرتی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر امت مشورے سے خلیفہ کا انتخاب کرے اور قریش کا ایک شخص اور جو قریش میں سے نہ ہو برابر ہوں تو قریش کے فرد کو ترجیح دی جائے گی۔ نماز میں امامت کو[11] مثال کے طور پر لیجئے۔ فقہاء کرام نے تصریح کی ہے کہ اگر دو آدمی تمام شرائط میں برابر ہوں لیکن نسب کے لحاظ سے ایک زیادہ معزز ہو تو اسے ترجیح دی جائے گی اور اسے امام بنایا جائے گا۔ پس اگر نسب کو امامت کی چھوٹی صورت کے حوالے میں سمجھا جاسکتا ہے[12] تو اس کو بڑی امامت کے سلسلے میں شمار کرنے میں کیا حرج ہے؟[13] تاہم چونکہ یہ ایک ایسی شرط ہے جو اس بات کا تعین کرتی ہے کہ کون سب سے زیادہ لائق ہے اور اُس کی توثیق کی شرط نہیں ہے، لہٰذا اگر اسے نظر انداز کر دیا جائے تو بھی اس سے خلافت کے قیام میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔ جس طرح نماز کے معاملے میں اگر اس کو نظر انداز کر دیا جائے تو نماز کے صحیح ہونے پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ اس صورت میں قریش کے امام ہونے کے حوالے سے حدیث کی تشریح یا تصریح کی ضرورت نہیں رہے گی اور نہ ہی سیدنا زید بن حارثہ رضی اللہ عنہ سے متعلق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی روایت کے لیے یا سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کا حذیفہ رضی اللہ عنہ کے آزاد کردہ غلام سالم کے بارے میں بیان کے حوالے سے کسی اور تصریح کی ضرورت ہو گی، جوکہ دونوں ہی خلافت پر گفتگو کرتی ہیں۔[14]
انتخاب کا طریقہ
وہ شخص جس میں خلافت کی یہ شرائط پائی جاتی ہیں وہ خلیفہ ہو سکتا ہے جب عام مسلمان یا مسلمانوں کے نمائندے جنہیں اہل الحلّی والعقد کہتے ہیں اُسے منتخب کریں۔ اہل الحلّی والعقد سے مراد وہ لوگ ہیں جو رہبر،اُمت کے قائد اور فوج کے جرنیل ہوں جن میں علم، عمل، فہم، گہری فکر اور امت کے لیے فکرمندی کی خصوصیات پائی جاتی ہوں۔ اس کے علاوہ یہ وہ لوگ ہیں جن کی طرف مسلمان اپنے عمومی معاملات میں رجوع کرتے ہوں۔
علماء کے ایک گروہ [of scholars] کا خیال ہے کہ اگر خلیفہ کسی خاص شخص کو منتخب کرے یا چند لوگوں کا نام لے کہ جن میں سے کسی کو منتخب کیا جائے تو وہ بھی خلیفہ بن جائے گا، جیسا کہ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ اور سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کے انتخاب کےوقت ہوا۔
تاہم محققین اس صورت کو حاکم وقت کے لیے قبول نہیں کرتے۔ ان کے دلائل درج ذیل ہیں:
- قرآن مجید نے اجتماعی معاملات میں اپنانے کا طریقہ بیان کیا ہے:
وَأَمْرُهُمْ شُورَى بَيْنَهُمْ
اور اپنے کام آپس کے مشورے سے کرتے ہیں[15]
مسلمانوں کی اجتماعی زندگی میں سب سے اہم معاملہ خلیفہ کے انتخاب کا ہے۔ اگر اس واضح اصول کو یہاں ترک کر دیا جائے تو اس کا کیا فائدہ؟
پہلے سے موجود خلیفہ[an already existing] کی زندگی میں دوسرے خلیفہ کی بیعت کرنا درحقیقت ایک ہی دور میں دو قائدین سے بیعت کرنا ہے جو کہ شریعت میں بے بنیاد ہے۔ اِسی طرح جب سیدنا عبداللہ ابن عمر رضی اللہ عنہما کو یزید کی بیعت کرنے پر زوردیا گیا تو آپ نے صاف انکار کر دیا اور فرمایا:
لا ابايع لاميرين
میں ایک دور میں دو قائدین کی بیعت نہیں کروں گا۔[16]
3. یہ دعویٰ غلط ہے کہ سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ اور سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کا انتخاب انفرادی تعیناتی سے کیا گیا تھا۔ رہبر معظم سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے یہ مناسب سمجھا کہ خلافت کے بارے میں اپنی زندگی کے آخر میں فیصلہ کر لیا جائے تاکہ امت کی پرورش کے ابتدائی مراحل کو اختلافات پر مبنی مباحث سے بچایا جا سکے۔ تاہم انہوں نے اپنی ذاتی رائے کی بنیاد پر اس معاملے کا فیصلہ نہیں کیا۔ انہوں نے اکابر صحابہ رضی اللہ عنہم سے الگ الگ مشاورت کی۔ انہوں نے ہر کسی کے شکوک وشبہات کو دور کیا۔ پھر آپ رضی اللہ عنہ نے عمومی مشاورت کے لیے سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کا نام عام مسلمانوں کے سامنے پیش کیا۔ جب سب نے قبول کر لیا تو آپ رضی اللہ عنہ نے انہیں خلیفہ مقرر کیا اور بہترین طریقے سے مشورہ دیا۔ یہ واضح ہے کہ انتخاب کے اس طریقہ کار کو کسی بھی طرح ’تعیناتی‘ یا ’نامزدگی‘ نہیں کہا جا سکتا۔
اسی طرح سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے کسی کو حاکم نامزد نہیں کیا۔ انہوں نے چھ اکابر صحابہ رضی اللہ عنہم کا نام لیا (جو خلافت کی شرائط کا بہترین نمونے تھے) جن میں سے کسی ایک کا انتخاب کیا جانا تھا۔ یہ کون تھے؟ یہ مسلمانوں کی مرکزی جماعت کا درجہ رکھتے تھے۔ یہ وہ لوگ تھے جنہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ ذمہ داری سونپی تھی کہ وہ دوسروں کو قرآن مجید کی تعلیمات کو اپنانا بتائیں۔ وہ ہیں:
وَالسَّابِقُونَ الأَوَّلُونَ مِنَ الْمُهَاجِرِينَ وَالأَنصَارِ
جن لوگوں نے سبقت کی (یعنی سب سے) پہلے (ایمان لائے) مہاجرین میں سے بھی اور انصار میں سے بھی[17]
قرآن کریم ان کے بارے میں اعلان کرتا ہے:
رَّضِيَ اللّهُ عَنْهُمْ وَرَضُواْ عَنْهُ
اللہ ان سے خوش ہے اور وہ اللہ سے خوش ہیں[18]
پس کیا مسلمانوں کو اس گروہ کے فیصلے کو قبول کرنے میں کوئی شک یا بدگمانی ہو سکتی ہے جس کا فیصلہ قرآن نے پسند کیا ہے اور اس کا اعلان کیا ہے؟ کیا ان کا فیصلہ مسلمانوں کے گروہ کا فیصلہ نہیں تھا؟ اس کے علاوہ یہ بھی ایک تاریخی حقیقت ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے اس گروہ نے جب سیدنا عبدالرحمٰن ابن عوف رضی اللہ عنہ کو ذمہ داری سونپی تو مسلسل تین راتوں تک بغیر سوئے آپ نے مہاجرین اور انصار میں سے بااثر حضرات کیساتھ مشورہ کیا۔ پھر آپ نے امت کی عمومی رائے کے مطابق سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کو منتخب کرنے کا اعلان کیا۔
اہل تشیع نقطہ نظر
خلافت اور قیادت کے بارے میں شیعوں کا نقطہ نظر مختلف ہے۔ امامیہ فرقے کا خیال ہے کہ خلافت ان عمومی ضروریات میں سے نہیں ہے جسے امت کی رائے پر چھوڑ دیا جائے۔ ان کا خیال ہے کہ یہ درحقیقت دین کا ایک بنیادی پہلو اور دین کی بنیاد ہے۔ کہ اس دنیا سے تشریف لے جانے سے پہلے اتنے اہم معاملے کو وحی الٰہی کی روشنی میں حل کرنا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فریضہ تھا۔ چنانچہ ان کا دعویٰ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسا کیا اور سیدنا علی رضی اللہ عنہ کو اپنا خلیفہ اور اگلا قائد مقرر کیا اور ان کے بعد سیدنا حسن رضی اللہ عنہ کو سیدنا علی رضی اللہ عنہ نے اور پھر سیدنا حسین رضی اللہ عنہ کو سیدنا حسن رضی اللہ عنہ نے مقرر کیا تھا۔ اس طرح ان کا عقیدہ ہے کہ سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا کی نسل سے یکے بعد دیگرے 12 ائمہ، خلفاء یا امام تھے جو واضح اِطلاع پر مبنی تھے۔ امامیہ کا الزام ہے کہ شیخین رضی اللہ عنہما[19] غاصب تھے کیونکہ انہوں نے اللہ تعالیٰ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے حکم کے مطابق عمل نہیں کیا اور انہوں نے سیدنا علی رضی اللہ عنہ سے خلافت چھین لی تھی۔
زیدی کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے بعد سیدنا علی رضی اللہ عنہ کی خلافت کی تصریح فرمائی، لیکن یہ تقرری نام کے اعتبار سے نہیں بلکہ خصوصیات کے لحاظ سے تھی۔ صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم نے ان خصوصیات کو اپنے حالات اور مقامات پر بیان کرنے میں کوتاہی کی اور سیدنا علی رضی اللہ عنہ کو دینے کی بجائے دوسروں کو دے دی۔ وہ شیخین رضی اللہ عنہما کو برا نہیں کہتے بلکہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ کو ان سے زیادہ نیک مانتے ہیں۔ اس کے علاوہ، وہ سب سے زیادہ نیک شخص کے سامنے اُنکی خلافت کے جائز ہونے کی رائے دیتے ہیں۔ ان کے نزدیک قائد بننے کی شرائط وہی ہیں جو پہلے بیان کی گئی ہیں۔ تاہم وہ ’’قریش میں سے ہونے‘‘ کی بجائے یہ شرط لگاتے ہیں کہ خلیفہ سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا کی نسل سے ہونا چاہیے۔ ایک اور شرط جو انہوں نے متعارف کرائی، وہ یہ ہے کہ خلیفہ یا امام کے لیے خلافت کا دعویٰ کرنا ضروری ہے۔
شیعہ حضرات میں اور بھی بہت سے فرقے ہیں جو خلافت کے بارے میں مختلف نظریات رکھتے ہیں۔[20] شیعہ اپنے ائمہ کو انبیاء کی طرح گناہ سے پاک (معصوم) مانتے ہیں۔ ان کا عقیدہ ہے کہ ایک امام کسی صغیرہ یا کبیرہ گناہ کا ارتکاب نہیں کر سکتا۔
متعلقہ مضامین: شیعیت: اسلام اور مسلمانوں کا مستقل دشمن
تقرری کا طریقہ
شرائط اور طریقہ انتخاب کے بارے میں جو کچھ لکھا گیا ہے وہ اس وقت قابل عمل ہو گا جب شریعت کا نظام اپنی اجتماعی روح کے ساتھ مسلمانوں میں موجود ہو گا۔ جب ان کے سامنے یہ سوال آئے کہ کسے خلیفہ کے طور پر منتخب کرنا ہے تو امت اپنا قائد منتخب کرنے میں آزاد ہے۔ تاہم مسلمانوں کی بدقسمتی ہے کہ یہ نظامِ شریعت خلفائے راشدین کے بعد باقی نہیں رہا۔ نظامِ شریعت کے بگاڑ کے بعد خلافت کے قیام کی کیا صورت ہوگی؟ یہ ایک الگ موضوع ہے۔ اسلامی شریعت نے بھی اس کی تفصیل سے وضاحت کی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ کی رحلت کے بعد جب اموی حکومت قائم ہوئی تو صحابہ رضی اللہ عنہم کو اس بات کی ذرا سی بھی فکر نہیں تھی کہ کون سا راستہ اختیار کیا جائے۔
شریعت کا نظام بگڑ جانے کی صورت میں خلافت کے قیام کی دو شکلیں ہیں۔ مکمل قبضہ اور اسلام، یعنی اگر کوئی مسلمان اپنی طاقت اور پیروکاروں کے ذریعے خلافت کے منصب پر قابض ہو جائے؛ اور اُس کی حکومت قائم ہو جائے تو ہر مسلمان پر لازم ہو گا کہ وہ اسے خلیفہ تسلیم کرے اور اطاعت کی شرائط پوری کرے۔ اب کوئی دوسرا شخص خواہ کتنا ہی حق اور فضیلت رکھتا ہو، اس کے لیے خلافت کو ٹھکرانا اور مسلمانوں میں فساد اور پریشانی کے دروازے کھولنا جائز نہیں ہوگا۔ اِس حکم کی مصلحت بالکل واضح ہے۔ اِس وقت بھی اگر تمام شرائط پر غور کرنا ضروری ہو جائے تو ہر وہ شخص جس کے ساتھ چار دوسرے ہیں وہ اپنے آپ کو دوسروں سے بہتر قرار دے کر خلافت کا دعویٰ کر سکتا ہے۔ پھر شریعت کا نظام درہم برہم ہو جائے گا۔ کون اس بات کا فیصلہ کرے گا کہ کون سب سے زیادہ نیک ہے اور کون مُستحق یا غیر مُستحق ہے؟ یہ فیصلہ کرنے سے لازم آئے گا کہ زبان تلوار کے میدان میں آئے، مصیبت اور فساد کی آگ بھڑکائے اور خون کی ندیاں بہیں۔ ملک میں امن و امان تباہ ہو جائے گا اور مسلمانوں کا اتحاد پارہ پارہ ہو جائے گا۔
عن عبادة بن الصامت قال بايعنا رسول الله صلى الله عليه وسلم على السمع والطاعة في منشطنا ومكرهنا وعسرنا ويسرنا وأثرة علينا وان لا ننازع الامر أهله إلا أن تروا كفرا بواحا عندكم فيه من الله برهان . متفق عليه
سیدنا عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ہم نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سننے اور اطاعت کرنے پر بیعت کی، خواہ حالات خوشنما ہوں یا ناگوار، مشکل میں ہوں یا خوشحالی کے حالات پر ہم اختلاف نہیں کریں گے۔ سوائے اس کے کہ تم صریح اور کھلا کفر دیکھو اور اللہ کی کتاب سے اس کی دلیل موجود ہو۔[21]
حبشی غلام کی اطاعت کے بارے میں جو حدیث اوپر نقل کی گئی ہے وہ بھی اسی مسئلہ سے متعلق ہے۔[22]
اگر یہ مقرر کردہ خلیفہ اور قائد، دین کے نچلے درجے پر نہیں آتا اور وہ کھلے عام گناہوں اور جرائم کا ارتکاب کرتا ہے تب بھی اس کی مخالفت جائز نہیں ہوگی۔ البتہ اس کی غلطی کو ایسا ہی سمجھا جائے گا اور اگر وہ اللہ کی نافرمانی کا حکم دے تو حکم بجا لانے سے انکار کر دینا چاہیے۔
خيار ائمتكم الذين تحبونهم ويحبونكم وتصلون عليهم ويصلون عليكم وشرار ائمتكم الذين تبغضونهم ويبغضونكم وتلعينهم ويلعنونكم قال قلنا يا رسول الله أفلا ننابذهم عند ذلك قال لا ما أقاموا فيكم الصلوة الا من ولى عليه وال فرآه يأتى شيأ من معصية الله فليكره ما يأتى من معصية الله ولا ينزعن يدا من طاعة . مسلم
تمہارا بہترین سربراہ وہ ہے جس سے تم محبت کرتے ہو اور وہ تم سے محبت کرتا ہو۔ تم اس کے لیے رحمت کی دعا کرو اور وہ تمہارے لیے رحمت کی دعا کرتا ہو۔ تمہارا بدترین سربراہ وہ ہے جسے تم دشمن سمجھو اور وہ تمہیں دشمن سمجھے۔ تم اس پر لعنت بھیجتے ہو اور وہ تم پر لعنت بھیجتا ہو۔ صحابہ نے عرض کیا "یا رسول اللہ! کیا ہمیں ایسے سرداروں سے جنگ نہیں کرنی چاہیے؟ ” آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "نہیں، جب تک وہ تمہارے درمیان نماز قائم کرے، تم اس کی اطاعت کرو۔ ہاں جو شخص سربراہ کی طرف سے کسی ناجائز کام کا مشاہدہ کرے تو وہ اسے ایسا ہی سمجھ لے لیکن وہ اس کی اطاعت سے بالاتر نہیں ہے۔”[23]
خلیفہ اور شوریٰ
اس موقع پر ایک اور بحث چھڑ جاتی ہے۔ کیا مسلمانوں کے منتخب کردہ خلیفہ یا امام کے لیے خلافت کے معاملات میں اہل الحلّی والعقد سے مشورہ کرنا ضروری ہے؟ اگر ضروری ہے تو کیا ہر معاملے میں ضروری ہے یا صرف اہم معاملات میں؟ پھر کیا ان کی رائے لینے کے بعد ان کے مطابق عمل کرنا ضروری ہے یا خلیفہ کے پاس ان کے قول پر عمل کرنے کا اختیار ہے؟ اس بحث کی بنیاد قرآن مجید کی یہ آیت ہے:
وَشَاوِرْهُمْ فِي الأَمْرِ فَإِذَا عَزَمْتَ فَتَوَكَّلْ عَلَى اللّهِ
اس معاملے میں ان سے مشورہ کریں اور فیصلہ کر لینے کے بعد اللہ پر بھروسہ رکھیں۔[24]
اس آیت سے واضح ہوتا ہے کہ خلیفہ کے لیے اہل الحلّی والعقد کی رائے لینا ضروری ہے۔ حسن بصری رحمہ اللہ اور سفیان الثوری رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو مشورے کا حکم دیا تاکہ دوسرے اس پر آپ کی پیروی کریں اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی اُمت میں یہ سنت قائم رہے۔ اس سے یہ بھی واضح ہو جاتا ہے کہ یہ مشاورت اہم معاملات میں ضروری ہے، معمولی مسائل میں نہیں۔ اس لیے کہ یہ آیت خود غزوہ احد کے متعلق نازل ہوئی تھی۔
بحث کا تیسرا حصہ یہ ہے کہ مشاورت کے بعد کیا خلیفہ کے لیے ضروری ہے کہ وہ مشاورتی کمیٹی کے ارکان کے قول پر عمل کرے (خواہ وہ اکثریت سے ہو یا اتفاقِ رائے سے)؟ اس بارے میں علماء کی دو رائے ہیں:
- پہلی رائے یہ ہے کہ اہم امور میں مشورہ کرنے کے بعد خلیفہ اہل الحلّی والعقد کے قول کا پابند نہیں ہے۔ عمل کی حیثیت صرف مشورے کی ہے اور خلیفہ کے پاس اختیار ہے کہ وہ ان کی صلاح کو قبول کرے یا نہ کرے۔
- دوسری رائے یہ ہے کہ اہل الحلّی والعقد سے آراء لینے کے بعد خلیفہ اس کے مطابق عمل کرنے کا پابند ہو گا اور اُس کے لیے اِس سے گریز کرنا جائز نہیں ہے۔
حقیقت میں اس اختلاف کی بنیاد عزم کے معنی بیان کرنے پر ہے۔ جو لوگ پہلی رائے رکھتے ہیں وہ کہتے ہیں کہ اس کا معنی ‘نیت کی پختگی’ اور ‘فطرت پر قناعت’ ہے۔ اس صورت میں آیت کا مطلب ہوگا: ‘پہلے مشورہ کرو اور مشورے کے بعد جس پر فطرت پختہ ہو اس پر نیت کرو، پھر اللہ پر بھروسہ کرو اور اس پر عمل کرو۔‘‘ اس معنی کی تائید بعض مفسرین کی درج ذیل تفاسیر سے ملتی ہیں:
فاذا عزمت اى عقيب المشاورة على شيئ واطمأنت به نفسك فتوكل على الله في امضاء أمرك على ما هو أرشد وأصلح فان ما هو أصلح لك لا يعلمه إلا الله لا أنت ولا من تشاور . روح البيان ٤/١١٦
مشورے کے بعد جب آپ کسی کام کا پختہ ارادہ کر لیں اور آپ کا دل اس پر پختہ ہو تو بہترین اور موزوں ترین راستہ اختیار کرنے کے لیے اللہ پر بھروسہ کریں۔ اس لیے کہ اللہ ہی جانتا ہے کہ آپ کے لیے کیا بہتر ہے۔ آپ نہیں جانتے اور نہ ہی آپکا مشیر۔[25]
اور:
اى فاذا عقدت قلبك على أمر بعد الاستشارة فاجعل تفويضك فيه الى الله تعالى فانه العالم بالاصلح لك والارشد لامرك لا يعلمه من أشار عليك وفي هذه الآية دليل على المشاورة وتخسير الرأى وتنقيحه والفكر فيه . البحر المحيط ٣/٩٩
مشورے کے بعد جب کسی چیز پر دل جما لیں تو معاملہ اللہ کے سپرد کر دیں۔ اِس لیے کہ اللہ ہی جانتا ہے کہ آپ کے لیے کیا بہتر اور کیا زیادہ موزوں ہے، آپ کا مشیر نہیں۔ یہ آیت مشورے کی ضرورت، رائے کی مضبوطی، استفسار اور اس پر غور و فکر کی دلیل ہے۔[26]
جو لوگ یہ نظریہ رکھتے ہیں وہ کہتے ہیں کہ خلیفہ کے مشورے کا مقصد یہ ہونا چاہیے کہ اس کے سامنے مسئلے کے مختلف زاویے پیش کیے جائیں اور پھر وہ اس پر یقین اور اطمینان رکھتے ہوئے لائحہ عمل اختیار کرے۔ خلفائے راشدین کا لائحہ عمل بھی اس نظریہ میں وزن پیدا کرتا ہے۔ ان میں سے کچھ کا تذکرہ درج ذیل ہے:
- جب ارتداد کا فتنہ پیدا ہوا تو سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ نے اپنے صحابہ سے مشورہ کیا۔ اکثر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا یہ خیال تھا کہ جن لوگوں نے زکوٰۃ دینا چھوڑ دی ہے ان کے ساتھ مسئلہ فوری طور پر نہ اٹھایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاملہ نرمی سے طے کیا جائے اور سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کی بھی یہی رائے تھی۔ البتہ سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ نے اس رائے کو سختی سے رد کیا اور اس فتنے کی آگ کو تلوار کے پانی سے بجھایا۔
- اسی طرح سبائیوں کے فتنے کو قابو کرنے کے لیے 34 ھجری میں سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ نے ایک اہم مشاورتی اجلاس بلایا۔ اس میں تقریباً سبھی کا موقف تھا کہ فتنہ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ تاہم سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ نے اس کے مطابق عمل کرنے سے انکار کر دیا اور نرمی اور درگزر کے طریقہ کار کو ترجیح دی۔
دوسری رائے رکھنے والے کہتے ہیں کہ عزم شوریٰ سے الگ چیز نہیں بلکہ شوریٰ پر عمل کرنے کا ارادہ ہی عزم ہے اور اس سے مراد کام کو تکمیل تک دیکھنے کی نیت ہے۔
قرآن مجید کے عظیم مفسر حافظ ابن کثیر رحمہ اللہ لکھتے ہیں:
عن على قال سئل صلى الله عليه وسلم عن العزم قال مشاورة اهل الرائ ثم اتباعهم . ابن كثير ٢/١٣١
سیدنا علی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے عزم کے معنی کے بارے میں پوچھا گیا۔ آپ ﷺ نے جواب دیا:[It is] عقلمند لوگوں سے مشورہ کرنا اور پھر اس کے مطابق عمل کرنا۔
مولانا حفظ الرحمن سیوھروی رحمہ اللہ نے اپنی غیر مطبوعہ تصنیف میں اس رائے کے لیے درج ذیل دلائل جمع کیے ہیں۔ مولانا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ہم انہیں یہاں پیش کر رہے ہیں۔
- مجمع الزوائد میں ہے: سیدنا علی رضی اللہ عنہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ رضی اللہ عنہ نے آخر الذکر سے پوچھا کہ یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اگر قرآن و سنت میں کوئی چیز موجود نہ ہو تو ہم کیا کریں؟” رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ کے سمجھدار بندوں سے مشورہ کرو اور کسی خاص شخص کے قول پر عمل نہ کرو۔
- مستدرک الحاکم میں ہے: سیدنا علی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آپ نے فرمایا: اگر مجھے مشورے کے بغیر کسی کو خلیفہ مقرر کرنا پڑے تو میں ابن ام عبد یعنی سیدنا عبداللہ ابن مسعود رضی اللہ عنہ کو مقرر کروں گا۔ (تاہم، یہ معلوم ہے کہ انہوں نے ایسا نہیں کیا.)
- طبقاتِ ابن سعد میں ہے کہ بعض صحابہ رضی اللہ عنہم نے سیدنا عمر رضی اللہ عنہ سے سوال کیا کہ جو چیز اللہ کی کتاب اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت میں نہیں ملتی اس کے بارے میں ہمیں کیا کرنا چاہیے؟” سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے جواب دیا "اس پرعمل کرو جس پر زیادہ ترعقل والے لوگ مائل ہوں۔”
- حافظ ابن حجر رحمہ اللہ اپنی شرح صحیح بخاری میں ‘جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کسی معاملے میں فیصلہ کرتے’ کے بارے میں لکھتے ہیں کہ یہاں امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کا مقصد یہ بتانا ہے کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مشورے کے بعد کسی معاملے میں پختہ فیصلہ کر لیں تو کسی کے لیے اس کے خلاف کوئی دوسرا قول دینا درست نہیں۔
یہ دوسری رائے اسلام کے اکثریت نظریے کے نزدیک ہے۔ تاہم، یہ واضح رہے کہ جمہوری تنظیموں میں ووٹنگ کا موجودہ طریقہ جہاں ووٹ حاصل کرنے کی کوشش میں فریق مخالف کی رائے پر ہر قسم کا اخلاقی اور مادی اثر ڈالا جاتا ہے۔ اور جہاں قائدین کی پشت پناہی ضروری ہے خواہ ان کے دعوے بالکل ہی بے بنیاد کیوں نا ہوں۔ یہ کبھی بھی اسلامی شوریٰ کے درجے پر نہیں پہنچ سکتا۔ اسلام نے شوریٰ کے ارکان کے لیے شوریٰ کے متعدد آداب مقرر کیے ہیں۔ ان آداب کی پابندی کرنا ایک بنیادی شرط ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
المستشار مؤتمن
جس سے مشورہ کیا جاتا ہے وہ ایک اَمین کی حیثیت میں ہوتا ہے۔
(یعنی اگر وہ صحیح مشورہ نہیں دیتا تو اس نے اس امانت میں خیانت کی۔)
من اشار على أخيه بامر يعلم ان الرشد في غيره فقد خانه . أبو داؤد
جو شخص اپنے بھائی کو، یہ جانتے ہوئے کہ صحیح راستہ کسی اور چیز میں ہے، نصیحت کرے تو اس نے اپنے بھائی سے خیانت کی۔[27]
لہٰذا، اسلامی شوریٰ کی اس بنیادی شرط کے خلاف جو بھی فیصلہ کیا جائے، خواہ شوریٰ کے کتنے ہی ارکان اس کی حمایت کریں، شریعت کی روشنی میں وہ بے بنیاد ہوگا۔ اس کے علاوہ علماء کے ہر گروہ کے نزدیک یہ عمل کرنے کے لائق نہیں ہوگا۔
خلافت راشدہ
اگر اسلامی حکومت واقعی میں ایک الٰہی حکومت ہے — اسلام کے قوانین پر عمل کیا جاتا ہے؛ سزائیں دی جاتی ہیں؛ دین کے اصولوں کا پرچار کیا جاتا ہے۔ شریعت کا علم پھیلایا جاتا ہے۔ تنازعات طے کیے جاتے ہیں؛ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کے مطابق امن و سلامتی قائم کیے جاتے ہے؛ اس کا نظام شوریٰ پر مبنی ہے اور اس کے قائد میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ہمہ جہت (صفات) موجود ہیں؛ وہ تدریس کے لحاظ سے ایک مجتہدِ متلق ہے؛ وہ نصیحت کے لحاظ سے ایک مکمل ولی ہے؛ عدالت میں عادل جج اور میدان جنگ میں ایک بہادر جنگجو— پھر وہ دین و حکومت کے علم و عمل میں تمام کمالات کے مالک ہونے کے لحاظ سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا حقیقی نمائندہ ہے۔ ایسی خلافت کو خلافتِ راشدہ یا خلافت علیٰ منہاج النبوۃ کہا جاتا ہے۔
ان کے طرزِ زندگی اور دورِ خلافت کے کارناموں پر نظر ڈالنے سے یہ بات آئینے کی طرح واضح ہو جاتی ہے کہ خلفائے راشدین (سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ، سیدنا عمر رضی اللہ عنہ، سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ اور سیدنا علی رضی اللہ عنہ) کا دور خلافت راشدہ کا دور تھا۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
الخلافة بعدي ثلاثون عاما ثم ملك بعد ذلك
’’میرے بعد خلافت تیس سال ہوگی، پھر بادشاہی ہوگی۔‘‘
اس حدیث میں خلافت سے مراد کامل درجے کی خلافت ہے، یعنی خلافت راشدہ۔ اصلاََ خلافت راشدہ نبوّت کے مرحلے کی تکمیل اور خاتمہ ہے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
كانت بنو اسرائيل تسوسهم الانبياء كلما هلك نبى خلفه نبى وأنه لا نبى بعدي وسيكون خلفاء . متفق عليه
بنی اسرائیل پر حکومت ان کے رسول کیا کرتے تھے۔ ایک رسول کا انتقال ہوتا تو اس کی جگہ دوسرا لے لیتا۔ حقیقت یہ ہے کہ میرے بعد کوئی رسول نہیں آئے گا۔ البتہ خلفاء ہوں گے۔”[28]
یہی وجہ ہے کہ خلفائے راشدین کی سنت کو، سنتِ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرح، امت کے لیے نمونے کے طور پر بیان کیا گیا ہے۔ امت کو ہدایت یافتہ خلفاء کی پیروی کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
اس حدیث ("میرے بعد خلافت تیس سال ہوگی") سے اخذ کرتے ہوئے اکثر علماء نے یہ نظریہ واضح کیا ہے کہ خلافت راشدہ کا سلسلہ چار خلفائے راشدین کے بعد ختم ہو گیا۔ البتہ حافظ ابن کثیر رحمہ اللہ البدایۃ وا لنّھایۃ میں ایک مختلف نظریہ رکھتے ہیں۔ وہ لکھتے ہیں کہ اس حدیث کا مفہوم یہ ہے کہ خلافت راشدہ کا مسلسل اور پائیدار دور تیس سال کا ہو گا۔ اس کے بعد حکومت کی (دوسری) شکلوں کی وجہ سے یہ تسلسل ٹوٹ جائے گا۔ تاہم پھر بھی کبھی کبھار خلفائے راشدین ہوں گے۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ یہ دوبارہ کبھی وجود میں نہیں آئے گی۔ اس قول کی تائید میں حافظ ابن کثیر رحمہ اللہ نے سیدنا جابر ابن سمرہ رضی اللہ عنہ کی درج ذیل حدیث نقل کی ہے جو مختلف اسناد کے ساتھ صحیح کتابوں میں مروی ہے:
لا تزال هذه الامة مستقيما امرها ظاهرة على عدوها حتى يمضى اثنا عشرة خليفة كلهم من قريش
اس امت کی حکومت قائم و دائم رہے گی اور وہ اپنے دشمن پر غالب رہیں گے یہاں تک کہ ان میں سے بارہ خلفاء نہ ہوجائیں جو تمام قریش سے ہوں گے۔
اس حدیث کو نقل کرنے کے بعد مزید تصدیق کے لیے تورات کی درج ذیل عبارت نقل کرتے ہیں:
اللہ تعالیٰ نے سیدنا ابراہیم علیہ السلام کو سیدنا اسماعیل علیہ السلام کی بشارت دی۔ اور یہ بھی فرمایا کہ اللہ اسماعیل کی نسل کو ترقی دے گا اور ان میں سے بارہ سردار پیدا کرے گا۔
اس کے بعد وہ اپنے استاد حافظ ابن تیمیہ کا حوالہ دیتے ہیں:
’’یہ سردار وہی خلفاء ہیں جن کے بارے میں جابر بن سمرہ رضی اللہ عنہ کی حدیث میں بشارت دی گئی ہے۔ وہ امت کی ضرورت کے مطابق مختلف اوقات میں ظہور پذیر ہوں گے۔ واضح رہے کہ شیعوں کے بارہ ائمہ اِن بارہ سے ہرگز مراد نہیں ہو سکتے کیونکہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ اور سیدنا حسن رضی اللہ عنہ کے علاوہ کوئی بھی (ان کے ائمہ میں سے) صاحب اختیار اور مرتبے والا نہیں بن سکا۔ .”[29]
اللہ تعالیٰ ہم سب کو اس معاملے کی صحیح سمجھ عطا فرمائے اور ہمیں گمراہی میں پڑنے سے بچائے۔ آمین
متعلقہ مضامین: کیا خلافت کی واپسی کی خواہش بے جا خیال پرستی ہے؟
حاشیے
- موافقت اور ترجمہ از تاریخِ ملت حصہ دوئم ↑
- سورہ فاطر 35:39 ↑
- سورۃ الاعراف 7:69 ↑
- سورہ ص 38:26 ↑
- سورۃ الانبیاء 21:105 ↑
- سورہ نور 24:55 ↑
- صحیح مسلم ↑
- ا لسّیاسہ الشّریعہ، عبد الوہاب خلف ↑
- سورہ آل عمران 3:140 ↑
- دائرہ المعارف جلد 3، باب خلافت، حجۃ اللہ البلاغہ اور مقدامہ ابن خلدون صفحہ 166 ↑
- قیادت کا منصب ↑
- امامت کی چھوٹی شکل سے مراد نماز پڑھانا ہے۔↑
- امامت کی عظیم شکل سے مراد خلیفہ ہونا ہے ↑
- مولانا عاشق الہٰی میرٹھی رحمۃ اللہ علیہ کی تصانیف سے ↑
- سورۃ الشوریٰ 42:38 ↑
- فتح الباری ↑
- سورہ التّوبہ 9:100 ↑
- سورہ التّوبہ 9:100 ↑
- شیخین، یعنی دو سردار۔ سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ اور سیدنا عمر الفارق رضی اللہ عنہ کا تذکرہ ↑
- تفصیلات کے لیے دیکھیں مقدامۃ ابن خلدون، امامت کے حکم کے بارے میں شیعوں کے موقف پر باب اور دائرۃ المعارف، بوستانی، ج 7، خلیفہ پر بحث ↑
- صحیح البخاری اور صحیح مسلم ↑
- فتح الباری جلد 13 صفحہ 104 ↑
- صحیح مسلم ↑
- سورۃ آل عمران 3:159 ↑
- روح البیان جلد 4 صفحہ 116 ↑
- البحر المحیت جلد 3 صفحہ 99 ↑
- سنن ابی داؤد ↑
- صحیح البخاری اور صحیح مسلم ↑
- البدایہ وا لنّھایۃ جلد 7 صفحہ 48 ↑
مفتی عبداللہ کو ٹوئٹر پر فالو کریں: MuftiAMoolla@

